ننکانہ صاحب اوردیپالپور میں ٹریفک حادثات ،3افراد جاں بحق ، 11زخمی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ننکانہ صاحب اوردیپالپور میں ٹریفک حادثات کے دوران میاں بیوی سمیت 3افراد جاں بحق اور 11زخمی ہوگئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق ننکانہ صاحب موٹر وے ایم 3 نزد کالونی نہر پر تیز رفتار بس بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، 6 زخمیوں کو ریسکیو 1122 عملے نے موقع پر طبی امداد فراہم کی جبکہ پانچ افراد کو ریسکیو اور موٹر وے پولیس کے عملہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا ۔ایک اور افسوس ناک حادثہ دیپالپور میں پاکپتن روڈ پر پیش آیا جہاں اڈہ دلاور کوٹ کے قریب تیزرفتار ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق میاں بیوی کی شناخت افضل اور ممتاز بی بی کے نام سے ہوئی ۔ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ریسکیو نے نعشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیں ۔


