بھارت سے آئی انجو نے اسلام قبول کر کے نصراللہ سے شادی کرلی، نام بھی فاطمہ رکھ دیا
دیر بالا(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت سے وزٹ ویزے پر پاکستان پہنچنے والی انجو نامی لڑکی نے پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے نوجوان نصراللہ سے اسلام قبول کرنے کے بعد شادی کرلی۔انجو اور نصراللہ کی دوستی 2019 میں فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی۔یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ انجو نے اسلام قبول کر لیا ہے اور ان کا نام فاطمہ رکھا گیا ہے۔ڈی آئی جی مالاکنڈ ڈویژن کے مطابق دونوں کا نکاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوا۔ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق بھارتی خاتون کو پولیس کی نگرانی میں عدالت سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی خاتون انجو نے عدالت میں بیان حلفی جمع کرادیا، کہا کہ میرا سابق نام انجو تھا اور عیسائی مذہب سے تعلق تھا، میں نے خوشی اور اپنی مرضی سے دین اسلام قبول کیا ہے، کسی کی جانب سے زبردستی نہیں،میں نصراللہ کو پسند کرتی ہوں،یہ بھی کہا کہ میں نصراللہ کے لیے ہی بھارت سے پاکستان آئی ہوں، 10 تولہ سونا حق مہر رکھا گیا ہے، نصراللہ میرا شرعی اور قانونی شوہر ہے۔پاکستان آنے والی لڑکی انجو شادی شدہ ہے، دوران انٹرویو ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اپنے شوہر سے علیحدگی چاہتی ہیں جس پر انجو نے جواب دیا کہ جی ہاں، ہمارے شروع سے ہی اچھے تعلقات نہیں تھے، میں کچھ وجوہات کی وجہ سے اس کے ساتھ رہ رہی تھی، یہی وجہ ہے کہ میں اپنے بھائی اور بھائی کو بھی اپنے ساتھ لے آئی، میں ان کے ساتھ اپنے بچوں کی وجہ سے رہ رہی تھی۔انجو نے مزید کہا کہ میری گروگرم میں نوکری بھی ہے اور میرا نصر اللہ سے شادی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، فی الحال میں پاکستان دیکھنے کے لیے آئی ہوں، میں واپس بھارت جانا چاہتی ہوں اور اپنے شوہر سے علیحدہ ہو کر بچوں کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔پاکستان کے علاقے اپر دیر میں موجود بھارتی لڑکی کا کہنا تھا کہ میرا سیما حیدر کے ساتھ موازنہ کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، میں یہاں بالکل محفوظ ہوں۔


