ریکوڈک منصوبے سے پاکستان کو مائننگ اور میٹل انڈسٹری میں بڑی کامیابی ملے گی، کینیڈین ہائی کمشنر
اسلام آباد، کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کا غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان کو مائننگ اور میٹل انڈسٹری میں بڑی کامیابی ملے گی، وفاقی حکومت اور فوج کے تعاون سے پاکستان کے شعبہ معدنیات میں ترقی کے منصوبوں سے متعلق کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکین لون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان کی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی شراکت داری سے بلوچستان میں اتنی شاندار سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ لیسلی سکین لون کا کہنا ہے کہ وہ اندازہ لگا سکتی ہیں کہ ریکوڈک پاکستان میں بہت کامیابی لے کر آئے گا اور وہ بہت خوش ہیں کہ کینیڈا نے اس منصوبے پر سرمایہ کاری کی۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے ریکوڈک سے بہتر کوئی منصوبہ نہیں ہوسکتا۔ آر این اے کے سینئر ایڈوائزر کا کہنا ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں کاپر اور اہم میٹلز کا عالمی سپلائر بھی بن سکتا ہے اور پاکستان کے پاس کان کنی اور دھاتوں کی صنعت میں عالمی کھلاڑی بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری شہباز طاہر نے کہا ہے کہ ریکوڈک کے ذریعے دھات اور کان کنی کے شعبے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول تاجر، سرمایہ کار، سیاسی لیڈر شپ ایک ویژن کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ چیف جیولوجسٹ ایف ڈبلیو او فیصل خان کا کہنا ہے کہ ہمارے منصوبے پورے پاکستان میں شروع کیے جاچکے ہیں اور وزیرستان میں کاپر کے بڑے پیمانے پر منصوبے چل رہے ہیں۔


