گھوٹکی، پسند کی شادی کرنیوالے لڑکے کی بھتیجی کو جرگے نے ونی کرنیکا حکم دیدیا
گھوٹکی (انتخاب نیوز) سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مبینہ طور پر پسند کی شادی کرنے کیخلاف جرگے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ضلع گھوٹکی میں اوباڑو کے علاقے لکھ پور میں غلام رسول بھٹو نامی شخص نے سات سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے گھر والے اس کی جان کے دشمن بن گئے اور 15 روز قبل جرگہ ہوا جس میں اس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ اور اس کی کمسن بھتیجی کو ونی کرنے کا حکم سنایا گیا۔ غلام رسول نے الزام عائدکیا ہے کہ لڑکی کے گھر والوں نے اس کی ایک دکان بھی مسمار کردی اور اسے گھر سے بے دخل کردیا، گھر کا سامان اور مویشی بھی لے گئے، غلام رسول نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے اور اس کی بھتیجی کو ونی کرنے سے روکا جائے۔ غلام رسول نے اپنی مشکلات کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس کے بعد پولیس نے مبینہ جرگے کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں 16 افراد نامزد ہیں، 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔


