گوادر کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ای گیٹ نصب کیے جائیں گے

گوادر (آئی این پی ) نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) کو مسافروں کی سہولت کے لیے بین الاقوامی ہائی ٹیک معیارکے مطابق الیکٹرانک گیٹس (ای گیٹس) سے لیس کیا جائے گا۔گوادر پرو کے مطابق یہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان بھر میں مرحلہ وار ای گیٹس کی تنصیب کی جائے گی۔ دیگر ہوائی اڈوں میں جن کے ای گیٹ ہوں گے ان میں اسلام آباد، علامہ اقبال اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔یہ پروجیکٹ ایوی ایشن سکریٹری اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (ڈی جی سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سمیت مختلف قومی اداروں سے بھی تجاویز حاصل کی گئی ہیں۔ دریں اثنا ای گیٹ پروجیکٹ کے لئے ٹینڈر طلب کئے جائیں گے۔گوادر پرو کے مطابق ای گیٹ کی تنصیب سے مسافروں کی پریشانی ختم ہوجائے گی کیونکہ انہیں بورڈنگ پاس حاصل کرنے کے لئے قطار میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ اپنے پاسپورٹ اور ٹکٹ کو اسکین کرکے ای گیٹ کے ذریعے اپنے بورڈنگ کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے بتایا کہ ای گیٹ پاسپورٹ کی بائیو میٹرک چپ میں موجود ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ یہ نئی ٹیکنالوجی مسافروں کو بین الاقوامی سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس نظام کے تحت مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئرس کی شناخت یا مجموعی طریقہ کار کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں جس کے بعد مسافر کے لیے گیٹ خود بخود کھل جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں