پیپلزپارٹی کا چیئرمین سینیٹ سے سینیٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ اجلاس کےلئے جمع کرائی گئی ریکوزیشن مسترد کرنے کا معاملہ،پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ سے سینیٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے چیئرمین سینیٹ کو ریکوزیشن مسترد کرنے کے معاملے پر خط لکھ دیاجس میں کہاگیاکہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے فون پر بتایا کہ ریکوزیشن سے پانچ اراکین نے اپنے دستخط واپس لئے ہیں۔ خط میں کہاگیاکہ سینیٹ سیکرٹریٹ سے ان پانچ اراکین کے نام پوچھے جو ہمیں نہیں بتائے گئے، کیا اراکین نے دستخط واپس لینے کے لئے تحریری طور پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھا؟۔ خط میں کہاگیاکہ کیا سینیٹ سیکرٹریٹ نے ان اراکین سے تحریری طور پر دستخط واپس لینے کا کہا؟ ،آئین اور رولز کسی کو دستخط واپس لینے کا اختیار نہیں دیتا۔ خط میں کہاگیاکہ چیئرمین سینیٹ یا سینیٹ سیکرٹریٹ فیصلہ کنندہ کا کردار کیسے ادا کر سکتا ہے؟ آئین چیئرمین سینیٹ آفس کو فیصلہ کنندہ ہونے کا اختیار نہیں دیتا۔ خط میں کہاگیاکہ آئین کے تحت چیئرمین سینیٹ کا دستخط واپس لینے میں کوئی کردار نہیں، اس وقت غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خط میں کہاگیاکہ عوام کو درپیش مشکلات کے دوران ایوان بالا بے حس نہیں بن سکتا، امید ہے کہ آپ ریکوزیشن مسترد کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔ خط میں کہاگیاکہ امید رکھتے ہیں کہ عوام کے مفاد میں آپ سینیٹ کا اجلاس بلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں