برسلز میں تخریب کاری میں ملوث ملزم پولیس کے ہاتھوں ہلاک

برسلز(این این آئی)یورپین دارالحکومت برسلز میں پولیس کی جانب سے دہشت گردی کے ملزم کومنگل کی صبح ہلاک کر دیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ 45 سالہ ملزم عبدالسلام الاسود گزشتہ شب دہشت گردی کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا جسے پولیس ساری رات تلاش کرتی رہی۔پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی صبح پولیس کو ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ مذکورہ دہشت گرد سکاربیک کے علاقے میں ایک کیفے پر موجود ہے، پولیس نے فائرنگ کر کے ملزم کو ہلاک کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم تیونسی نڑاد تھا، جس نے اس دہشت گردی سے قبل اپنی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے باعث اس کی شناخت چھپی نہیں رہی تھی۔گزشتہ شب عبدالسلام الاسود نے فائرنگ کر کے سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے 2 شہریوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کیا تھا۔زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ملزم نے ویڈیو میں اپنے آپ کو اسلامک اسٹیٹ کا کا رکن قرار دیا تھا۔ملزم نے اس واقعے کو اسرائیلی جارحیت یا فلسطین کی حمایت میں قرار نہیں دیا تھا، لیکن خاص وقت پر ہونے والے اس ایک واقعے نے یورپین عوام میں فلسطینیوں کی حمایت سے توجہ مبذول کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں