سینیٹ اجلاس رواں ہفتے بلانے کا فیصلہ، فلسطین کی صورتحال پر بحث کی جائے گی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قائد ایوان اسحاق ڈار اور سینیٹر منظورکاکڑ کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے غزہ کی صورتحال پربحث کے لئے رواں ہفتے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اوراسرائیلی مظالم کی مذمت کی جائے گی ۔قائد ایوان اسحاق ڈار اور سینیٹر منظورکاکڑ نے چیئرمین سینیٹ کو درخواست کی تھی، اور سینیٹ میں موجود دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اجلاس بلانے کی حمایت کی تھی۔سینیٹر اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو فلسطین کی صورتحال پر سینیٹ اجلاس بلانے کے لئے خط لکھا، جس میں بتایا کہ پچھلے 10 دن سے فلسطین میں صورتحال انتہائی خراب ہے، ہزاروں شہری شہید ہوچکے ہیں، بڑی تعداد میں فلسطینی اسرائیلی بمباری سے شدید زخمی ہے، اسرائیلی افواج کے غزہ کے محاصرے سے اشیائے خود نوش، بجلی اور پانی میسر نہیں۔اسحاق ڈار نے خط میں مطالبہ کیا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر سینیٹ کا اجلاس فی الفور بلایا جائے۔اپنے خط میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی مجھ سے اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے، بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر منظور کاکڑ کی جانب سے سینیٹ اجلاس بلانے سے متعلق مجھ سے درخواست کی ہے۔


