ٹرمپ نے ‘اوباما ہیلتھ کیئر’ ایکٹ کی منسوخی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے سابق صدر براک اوباما کے دور میں بننے والے ‘افورڈ ایبل کیئر ایکٹ’ (اوباما ہیلتھ کیئر) قانون کی منسوخی کے لیے امریکا کی سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
واضح رہے کہ ‘اوباما کیئر’ کے نام سے معروف قانون کو 2010 میں منظور کیا گیا، جس کی موجودہ امریکی انتظامیہ سخت مخالفت کرتی نظر آئی تھی۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا کی سپریم کورٹ کو کہا کہ اوباما ہیلتھ کیئر کا پورا ڈھانچہ ختم کردینا چاہیے۔
خیال رہے کہ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں مذکورہ ہیلتھ کیئر پروگرام کو منسوخ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
امریکا کی سپریم کورٹ کے 9 میں سے 5 ججز نے ’اوباما کیئر قانون‘ کے حق میں 2012 میں فیصلہ دیا تھا۔
اس حوالے سے ہاؤس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا کہ ‘امریکیوں سے اوباما کیئر ایکٹ چھیننے کے لییٹرمپ انتظامیہ کی تباہ کن کوششوں کا کوئی اخلاقی عذر نہیں ہے’۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کی وجہ سے کروڑوں لوگ بے روز گار ہوئے ہیں جس کے بعد انہوں نے سرکاری طبی پروگرام ‘اوباما ہیلتھ کیئر’ سے فائدہ اٹھایا۔
اوباما ہیلتھ کیئر کو ختم کرنے سے متعلق اپیل کے بعد تاحال زبانی دلائل کے لیے ابھی کوئی وقت طے نہیں ہوا لیکن امید ہے کہ کیس کی سماعت موسم خزاں میں ہو۔
خیال رہے کہ 2017 میں مذکورہ قانون سے تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ امریکیوں نے فائدہ اٹھایا جو ‘ہیلتھ انشورنس’ خریدنے کی ہمت نہیں رکھتے تھے۔
اگر سپریم کورٹ اوباما کیئر ایکٹ منسوخ کردیتی ہے تو 2 کروڑ 30 لاکھ امریکی شہری طبی سہولیات سے محروم ہوجائیں گے۔
سپریم کورٹ اکتوبر میں شروع ہونے والی اپنی اگلی مدت میں اس کیس کی سماعت کرے گی لیکن امریکی میڈیا کے مطابق نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل مذکورہ کیس کی جانچ پڑتال کا امکان نہیں ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 97 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ وبائی مرض سے اب تک 4 لاکھ 92 ہزار افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکا میں کورونا وائرس کے 25 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ وہاں مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
2018 میں امریکا کی ریاست ٹیکساس کی وفاقی عدالت نے سابق صدر براک اوباما کے دور میں بننے والے ‘افورڈ ایبل کیئر ایکٹ (اوباما ہیلتھ کیئر) قانون کو غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا کہ ’واہ! لیکن زیادہ حیرت نہیں ہوئی، ٹیکساس کے انتہائی قابل احترام ججز نے اوباما کیئر کو غیر آئینی قرار دے دیا، امریکی عوام کے لیے یہ بڑی خوشخبری ہے۔


