کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، چار حملہ آور ہلاک

کراچی :پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے تجارتی مرکز ‘پاکستان اسٹاک ایکسچینج’ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔ واقعے میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک اور جوابی کارروائی میں چار حملہ آوروں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پولیس اور سندھ رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ملوث تمام ملزمان مارے جا چکے ہیں اور اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح لگ بھگ دس بجے مسلح افراد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب پہلے دستی بم حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کی۔
ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
مسلح ملزمان کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں نے اسٹاک ایکسچینج کی عمارت سے لوگوں کو نکالا اور آپریشن کے دوران رینجرز کے اہلکاروں نے قریبی عمارتوں پر پوزیشنیں سنبھالیں۔
​مسلح افراد کے حملے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں بھی بند کر دی گئیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے تین محافظ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تین دہشت گردوں کو اسٹاک ایکسچینج کے پارکنگ ایریا کی راہداری پر ہلاک کیا گیا ہے جب کہ ایک ملزم فائرنگ کے تبادلے میں عمارت کے اندر مارا گیا ہے۔
اسٹاک ایکسچینج کی غیر معمولی حیثیت کی وجہ سے عمارت میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے۔ چند ماہ قبل ہی سندھ رینجرز اور انسدادِ دہشت گردی فورس نے فل ڈریس ریہرسل کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسٹاک ایکس چینج بلڈنگ پر اسٹاک ایکسچینج کی سیکیورٹی کے 25 اہلکار تعینات تھے جب کہ سندھ رینجرز، پولیس اور نجی کمپنی کے محافظ بھی تعینات ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اپریل میں اسٹاک ایکسچینج کو سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی تھی۔
حال ہی میں اسٹاک ایکسچینج بلڈنگ کی باؤنڈری کی دیوار مزید اونچی کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں 100 سے زائد سیکیورٹی کیمرا نصب ہیں۔ عمارت میں الیکٹرانک اسکینگ مشین، وال تھرو گیٹ بھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں