چاند نظر نہیں آیا، یکم جمادی الاول جمعرات 16 نومبر کو ہوگی، رویت ہلال کمیٹی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) جمادی الاوّل 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم جمادی الاوّل جمعرات 16 نومبر کو ہوگی۔ جمادی الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جمادی الاوّل 1445 ہجری جمعرات 16 نومبر کو ہوگی۔ چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی ممبران سمیت محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے موجود تھے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اجلاس میں افواج پاکستان کے شہدائ کیلئے دعائے مغفرت کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملوں اور تخریب کاری کےخلاف 10ہزار سے زائد علمائ نے فتویٰ دیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسرائیل نے تخریب کاری کی انتہا کردی، وہ فلسطینیوں پر بدترین ظلم ڈھا رہا ہے، غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ نہ دیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے بھی فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان کیا، اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے، اللہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کی مدد فرمائے۔


