کیلیفورنیا میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے بڑی ریلی
سیکرامنٹو(صباح نیوز) کیلیفورنیا میں نہتے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے ہزاروںشرکاء نے کنونشن سنٹر تک مارچ کیا۔ پریس کانفرنس اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حاتم، کیئر کے ڈائریکٹر باسم الکرہ اور حقوق انسانی کے گروپوں کے نمائندوں اور کمیونیٹی کے دیگر لیڈروں نے امریکی انتخابات 2024 کے صدارتی، کانگریس اور سینٹ کے امید وارو کو خبردار کیا کہ ہم مسلمانوں اور انسانی حقوق کے اداروں کی نظر آپ پر لگی ہوئی ہے اگر آپ نے فلسطین میں معصوم بچوں ، نہتے عوام ، عورتوں اوربوڑھوں پر اندھا دھندبمباری، بے رحمانہ اور ظالمانہ قتل عام، اور ان کی سرزمین سے ان کی بے دخلی نہ روکی اور ہمارے ٹیکسوں کے پیسے سے اسرائیل کی امداد بند نہ کی اور غزہ میں فوری طور پر فائر بندی کی حمایت نہ کی تو پورے امریکہ میں ہمارے ووٹوں کو بھول جائیں۔2024 کا انتخاب پہلے کی طرح نہیں ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں غزہ میں 42 دنوں سے جاری اس صریح ظلم کو بند کرائیں اور غزہ میں سیز فائر کرائیں۔انہوں نے غزہ پر 42 دن سے ہونے والی بمباری سے ہونے والی تباہ کاریوں، بچوں اور عورتوں اور بوڑھوں سیت ہزاروں شہدا اور زخمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بمباری سے اب تک12 ہزار سے زیادہ لوگ شہید ہوچکے ہیں جن میں 5 ہزار سے زیادہ معصوم بچے ہیں۔سینکڑوں لوگ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔اور ان کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا جارہے حقوق انسانی کی کھلم کھلا خلاف روزیاں کی جارہیں لیکن عالمی ضمیر سویا ہوا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے ٹیکسوں سے اسرائیل کو اسلحہ کی سپلائی اور 14 ارب ڈالرز کی امداد بند کی جائے۔ دوسرے مقررین نے کہا سیز فائر نہیں تو آپ کو ووٹ بھی نہیں۔ اور مطالبہ کیا کہ فلسطین میں ظلم و زیادتی کو بند کرایا جائے۔جو بائیڈن کی حکومت اسرائیل کو دہشتگرد ملک قرار دے۔ہمارا ٹیکس اسرائیل میں خرچ کرنا بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و زیادتی پر اسی طرح اسرائیل کی بھی مذمت کی جائے اور اس پر پابندیاں لگائیں جائیں جس طرح یوکرین پر حملے کے وقت روس کی مزمت اور اس کے خلاف اقدامات کئے گئے تھے۔پریس کانفرنس کے بعد مختلف ملکوں کے ہزاروں افراد نے جن میں عورتیں اور معصوم بچے اور نوجوان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے شہر کی مختلف گلیوں میں مارچ کیا۔ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور سینکڑوں کی تعداد میں پلے کارڈ اور بڑے بڑے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر فوری سیز فائر کرو ، فلسطین کو فری کرو،سر زمین القدس سے 75سالہ جابرانہ اور ظالمانہ قبضہ ختم کرو، ہمارا ٹیکس اسرائیل میں ہمارے خلاف مت استعمال کرو۔ہم یہودی آپ کے ساتھ ہیں۔ بچوں کا قتل عالم بند کرو کے انگریزی میں نعرے اور مطالبات لکھے ہوئے تھے۔ ریلی کے شرکا راستے بھر فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے کیپیٹل پولیس بھی ریلی کے دوران حفاظت کیلئے موجود تھی۔ اس ریلی کا اختتام کنونشن سنٹر پر ہوا۔


