غزہ میں امداد کے داخلے کے حوالے سے اسرائیل کے اقدامات ناکافی ہیں، اقوام متحدہ

نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ نے غزہ میں امداد کے داخلے کے حوالے سے اسرائیل کے اقدامات کو ناکافی قرار دے دیا۔عرب میڈیا کے مطابق مشرق وسطی کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی ٹوروینس لینڈ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں مزید انسانی امداد کی اجازت دینے کے لیے کیے گئے حالیہ "محدود اقدامات” مثبت ہیں لیکن جنگ زدہ فلسطینیوں کی ضروریات کے لیے ناکافی ہیں۔وینس لینڈ نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فراہمی کو اب بھی ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جو اکثر ناقابل تسخیر ہیں، اسرائیل کے محدود اقدامات، خاص طور پر زیادہ ایندھن، خوراک، اور کھانا پکانے والی گیس کے داخلے کی اجازت دینا، انسانی امداد کے داخلے کے لیے کارم ابو سالم کراسنگ کو کھولنا، مثبت ہیں، لیکن یہ سب ناکافی ہیں۔وینس لینڈ نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو پہنچنے والی مشکلات اور مصیبتیں ناقابل تصور ہیں۔انہوں نے غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان لڑائی میں خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ غزہ کے موجودہ حالات کسی بھی انسانی امدادی کارروائیوں کو ناممکن بنا رہے ہیں ۔مغربی کنارے کی صورت حال کے بارے میں وینس لینڈ نے کہا کہ مغربی کنارے کا علاقہ ایک بحران کا شکار ہے اور وہاں آبادکاری کی سرگرمیوں اور آباد کاروں کے تشدد کی وجہ سے دبا بڑھ رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی حکام بحران کا شکار ہیں، لوگوں کی معاشی مشکلات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔وینس لینڈ نے مغربی کنارے میں جھڑپوں کی حالیہ شدت کے بارے میں بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے غرب اردن میں حالیہ فوجی کارروائیوں میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی ہلاکتیں اور گرفتاریاں تشویش کا باعث ہیں۔اقوام متحدہ کے اہلکار نے مغربی کنارے اور یروشلم میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع پربھی اپنی "تشویش” کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایک آزاد فلسطینی ریاست کی بقا اور مستقبل کے لیے یہودی آباد کاری کی سرگرمیاں ایک بڑا خطرہ ہے”۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے سات اکتوبر سے جاری جنگ میں بڑے پیمانے پر اموات ہوچکی ہیں ، اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا محاصرہ کرنے کے بعد پانی، خوراک، ایندھن اور دیگر بنیادی ضروریات کیسامان کی ترسیل بند کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں