کوئٹہ میں انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری

کوئٹہ (آن لائن) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی سابق گورنر اور تحریک انصاف کے رہنما سید ظہور آغا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چئیر مین محمود خان اچکزئی اور سابق ناظم کوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2024کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال گزشتہ روز بھی جاری رہی، این اے 264 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار نوابزادہ جمال رئیسانی، این اے 262 پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے امیدوار خوشحال خان کاکڑ، جمعیت علما اسلام کے امیدوار ملک سکندر ایڈووکیٹ،این اے 263 پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار میر مقبول احمد لہڑی،این اے 263 پر پاکستان تحریک انصاف کے مزید دو امیدواروں عمر خان اچکزئی اور سابق گورنر بلوچستان سید ظہور آغا کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مزید تین روز تک جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں