گلگت بلتستان میں جاری دھرنے کے ایک ماہ مکمل، مظاہرین اور حکومت کے مابین مذاکرات ناکام
گلگت (انتخاب نیوز) گلگت بلتستان میں ٹیکسوں کے نفاذ، غیر مقامی افراد کو معدنیات کے لیز پرمٹ کے اجرا اور این ایف سی میں حصہ نہ دیے جانے سمیت 15 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر جاری دھرنے کے خاتمے کے لیے حکومت اور ایکشن کمیٹی میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔ گلگت میں منفی آٹھ درجہ حرارت اور برف باری کے باوجود مطالبات کے حق میں جاری دھرنوں اور مظاہروں کو ایک ماہ مکمل ہو گیا جب کہ شدید موسمی حالات کے باوجود عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومتی رویے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اگلے مرحلے میں خواتین اور بچوں کو بھی دھرنے میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ احسان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور نوٹی فکیشن کے تحت مقرر وزارتی کمیٹی کے علاو¿ہ کسی حکومتی نمائندے سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا حکومتی نمائندوں سے ایکشن کمیٹی کی مذاکراتی ٹیم نے بات چیت کی تاہم کوئی تحریری ضمانت نہیں ملنے پر مزاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے جس پر دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بارش ،برفباری اور شدید سردی سے پیدا صورتحال پر احتجاج کی حکمت عملی تبدیل ہو سکتی ہے۔عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ نے ایک سوال پر کہا کہ حکومت کے بے اختیار مشیر اور معاونین سے بات ہوسکتی ہے اور نہ وہ کسی یقین دہانی کے مجاز ہیں، اس لیے حکومت کی طرف سے ذمے دار وزرا اور وزیر اعلی کے سامنے آ نے تک دوبارہ کسی اور سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سے مزید قافلے مرکزی دھرنے میں شامل ہونے والے ہیں۔


