امریکا نے ایران کی جانب سے وینزویلا کو فروخت کیا جانے والا طیارہ قبضے میں لے لیا
واشنگٹن(صباح نیوز)امریکا نے ایران کی جانب سے وینزویلا کی سرکاری ائر لائن کو فروخت کیا جانے والا بوئنگ 747 کارگو طیارہ قبضے میں لے لیا ۔امریکی امور انصاف کے مطابق امریکا کی جانب سے پابندیوں کی فہرست میں شامل ماہان ائرسے وینزویلا کو فروخت کیا جانے والا طیارہ ارجنٹائن سے امریکا روانہ کر دیا گیا جسے اب کباڑ کے طور پرفروخت کیا جائے گا۔ایران کی ماہان یئر کی جانب سے 2022 میں وینزویلا کو طیارہ فروخت کرنا تہران پرعائد پابندیوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ امریکا اپنی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر ایسے اقدام اٹھاتا رہے گا۔دوسری جانب وینزویلا حکومت نے امریکی قدام کو شرمناک قرار دیتے ہوئے طیارہ واپس لینے کے لئے قانون کا سہارا لیے جانے کا عندیہ دیا ہے۔صدرنکولس مادورو کے دفتر نسے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور ارجنٹائن نے تجارتی و سول قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ہماری کارگو کمپنی کے حقوق غصب کئے ۔دوسری جانب ایران کی جانب سے بھی اس واقعہ کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی ۔ایرانی امورخارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی طرف سے طیارہ تحویل میں لینا اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


