عمران خان رہا ہوئے تو پاکستان آکر مبارکباد دوں گی، بھارتی اداکارہ کا اعلان
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ راکھی ساونت عمران خان کے حق میں بول پڑیں، عمران کی رہائی پر پاکستان آ کر مبارکباد دینے کا اعلان کر دیا۔ سوشل میڈیا پر تنازعات میں گھری رہنے والی راکھی ساونت نے ایک بار پھر میڈیا کی توجہ اپنی طرف کرلی ہے، لیکن اس بار انہوں نے اپنی توجہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کی بنا پر حاصل کی ہے۔ مشہور سوشل میڈیا شخصیت راکھی ساونت ان دنوں متحدہ عرب امارات میں اپنے گانے ’بے بی ڈرامہ کوئین‘ کی لاﺅنچ پر موجود تھیں جہاں میڈیا سے گفتگو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بے حد پسند کرتی ہوں۔ راکھی ساونت کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں پہلی خاتون ہوں جو عمران خان اور پی ٹی آئی کی حمایت کررہی ہوں، میں دل سے چاہتی ہوں کہ عمران خان کی جیت ہو اور مجھے یقین ہے کہ وہ کامیاب ہو جائیں گے۔ تنازعات کا حصہ رہنے والی راکھی ساونت کا مزید کہنا تھا کہ مجھے دکھ ہے کہ عمران خان کو زبردستی قید میں رکھا ہوا ہے، میں ان کی رہائی کے لیے دعا کرتی ہوں، اگر عمران خان رہا ہوجائیں گے تو میں انہیں مبارکباد دینے پاکستان جاﺅں گی۔ ساتھ ہی راکھی نے اس بات کا بھی ارادہ کیا کہ اگر عمران خان کے ووٹرز نے انہیں کامیابی دلوا دی، تو میں دوبارہ عمرہ کرنے جاﺅں گی اور ان کے لیے دعا کروں گی۔


