تحریک انصاف کا وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے رہنماﺅں کی ملاقات ہوئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پرقومی وطن پارٹی کے رہنماﺅں سے ملاقات کی، چاہتے ہیں ملک میں ہم آہنگی اورمفاہمت ہو۔ انہوں نے کہا کہ فارم 45 ثبوت ہیں ہمارے امیدوار جیتے ہیں مگر فارم 47 میں نتائج تبدیل کیے گئے، مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے، ہر پانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اورمتنازع ہوجاتے ہیں، انتخابات کا مقصد فوت ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور ان کی ہدایت پر مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب مرکز میں ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم اور دیگر نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔


