ایران کے اندر دو بڑی گیس پائپ لائنوں پر اسرائیلی حملے کا انکشاف

تہران(این این آئی)ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران مغربی عہدیداروں اور ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک تزویراتی ماہر نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے اندر دو بڑی گیس پائپ لائنوں پر خفیہ حملے کیے، جس سے لاکھوں لوگوں کے گھروں میں گیس کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مغربی حکام اور ایرانی ملٹری اسٹریٹجسٹ نے انکشاف کیا کہ اسرائیل کی جانب سے گیس پائپ لائن حملوں کے لیے ایرانی انفراسٹرکچر کے بارے میں گہرے علم اور محتاط ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔اسرائیل نے مکمل معلومات کے حصول کے بعد دو پائپ لائنوں کو ایک ہی وقت میں متعدد مقامات پر حملوں سے تباہ کیا۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک مغربی اہلکار نے اس واقعے کو یک بڑی علامتی کارروائی قرار دیا جس کی مرمت کرنا ایران کے لیے کافی آسان تھا اور شہریوں کو نسبتا کم نقصان پہنچا۔لیکن اہلکار نے کہا کہ اس فیصلے سے اسرائیل کو ہونے والے نقصان کے بارے میں سخت انتباہ بھیجا گیا ہے کیونکہ مشرق وسطی میں تنازعہ پھیل رہا ہے اور ایران اور اس کے مخالفین بالخصوص اسرائیل اور امریکہ کے درمیان تنا بڑھ رہا ہے۔مغربی حکام نے کہا کہ اسرائیل نے جمعرات کو تہران کے مضافات میں ایک کیمیکل فیکٹری کے اندر ایک الگ دھماکہ بھی کیا جس سے ایک محلہ لرز اٹھا اور دھویں اور آگ کے بادل ہوا میں بلند ہونے لگے۔لیکن مقامی حکام نے بتایا کہ فیکٹری میں جمعرات کو ہونے والا دھماکہ فیکٹری کے فیول ٹینک میں ہونے والے حادثے کی وجہ سے ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں