بھارتی واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز یونین کا اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل کا حصہ نہ بننے کا اعلان
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز یونین نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل کرنے والے بحری جہازوں پر سامان لادنے اور اتارنے کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق، ملک کی 11 بڑی بندرگاہوں پر کام کرنے والے 3,500 کارکنوں کی نمائندگی کرنے والی یونین نے بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یونین نے فلسطین کی جنگ میں استعمال ہونے وا لے اسلحہ لے جانے والے بحری جہاز جو اسرائیل یا کسی دوسرے ملک سے جا رہے ہیں پر سامان لادنے اتارنے کی خدمات ادا نہیں کی جائیں گی۔ بیان میں کہا گیا ہے، کہ لیبر یونینز کا حصہ ہونے والے مال گودی کے ملازمین، ہمیشہ جنگوں، خواتین، بچوں اور معصوم لوگوں کے قتل کے خلاف ہیں۔ غزہ میں اسرائیل کے تازہ حملوں سے ہزاروں فلسطینیوں کو لامحدود تکلیف اور نقصان پہنچا ہے۔ بچوں اور خواتین کو اس جنگ میں نشانہ بنایا گیا ہے ۔ والدین بمباری میں مارے گئے اپنے بچوں کو پہچان تک نہیں سکے ۔بیان میں کہا گیا کہ یونین کے اراکین نے اجتماعی طور پر اسلحہ لے جانے والے کارگو کے لیے خدمات فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ان ہتھیاروں کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کرنابے گناہوں کا قتل کرنے والوں کو امداد فراہم کرنے کے مترادف ہو گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ:”ہم فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ ذمہ دار یونین کے طور پر، ہم امن کی حمایت کرنے والوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم دنیا بھر کے کارکنوں اور امن پسندوں سے آزاد فلسطین کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔


