نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، سنی اتحاد کونسل کے آزاد اراکین کا شور شرابا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نومنتخب ارکان قوم اسمبلی نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس میں حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر احتجاج کا اعلان کرنے والی سنی اتحاد کونسل کے آزاد اراکین ایوان میں شور شرابا کرتے رہے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت اور قومی ترانے سے ہوا۔ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان کی حلف برداری کے بعد پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی وجود میں آگئی۔ اسپیکر کی جانب سے اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے شدید نعرے بازی شروع کردی۔ استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو دستخظ کرنے بلایا گیا تواحتجاجی ارکان نے ’لوٹا لوٹا‘ کے نعرے لگائے۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کے نامزد وزیراعظم شہباز، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایوان میں موجود تھے۔ نوازشریف نے آصف زرداری سے ان کی نشست پرجاکرہاتھ ملایا۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن بھی ایوان میں موجود ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر، علی محمد خان نے بھی حلف اٹھایا۔ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے مخصوص نشستوں کے حل کی توقع کے ساتھ تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا تھا۔ صدر نے نگران وزیراعظم کے لہجے اور الزامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدرریاست کے سربراہ ہیں، بحیثیت صدر مملکت نگران وزیراعظم کے جواب پر تحفظات ہیں۔ اس سے قبل نگران وفاقی وزیربرائے پارلیمانی ا±مورمرتضیٰ سولنگی نے وفاقی وزارتِ قانون کے مشورے پر افتتاحی اجلاس بلانے کی سمری پردستخط کیے تھے۔ اسپیکر راجہ پرویزاشرف کی جانب سے حلف لیے جانے کے بعد اراکین نے باری باری اسپیکر کے پاس جاکر ”رول آف سائن“ پر دستخط کیے۔ موجودہ قومی اسمبلی 336ارکان پرمشتمل ہے جن میں سے 267 جنرل نشستوں پر جبکہ دیگر مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں