امریکی جیل میں بند اسرائیلی سفارتکار کے بیٹے کی ساتھی قیدی نے پٹائی لگا دی
فلوریڈا(صباح نیوز) امریکا کی جیل میں قید اسرائیلی سفارت کار کے بیٹے کی ساتھی قیدی نے پٹائی لگا دی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے سفارت کار کا 19سالہ بیٹا ایوراہام گل امریکی ریاست فلوریڈا کی جیل میں قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ ساتھی قیدی نے کھانے سے متعلق بات کے دوران اسرائیلی سفارت کار کے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ حکام کے مطابق قیدی نے اسرائیلی سفارت کار کے بیٹے کے منہ پرگھونسے برسا دئیے جس سے اسرائیلی سفارت کار کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ میامی میں اسرائیلی قونصل خانے میں تعینات سفارتی اہلکار کے بیٹے کو پولیس اہلکار کو زخمی کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ سفارت کار کے بیٹے کو پولیس اہلکار نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر روکا تھا جس پر ایوراہام گل نے اہلکار کی ٹانگ پر بائیک چڑھا دی تھی۔ امریکی عدالت نے اسرائیلی سفارت کار کے بیٹے کو سفارتی استثنی دینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔


