برطانوی وزیراعظم کا فلسطینی مظاہروں کیخلاف بیان قابل مذمت ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

لندن(صباح نیوز) انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی وزیراعظم کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں رشی سوناک نے فلسطینیوں کے احتجاج کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حق میں مسلسل احتجاج جمہوریت کےلئے خطرہ ہے، حماس کے حق میں بولنے والوں سے لڑنے کا وقت آگیا ہے، ملک میں کسی تشدد اور دھمکیوں کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ برطانیہ میں شدت پسندوں کےخلاف کریک ڈاو¿ن کیاجائے گا۔ رشی سوناک کے اس بیان کے بعد انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خلاف لوگوں کے احتجاج کے حق کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹر الیاس ناگدی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کو انتہا پسندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے شہری غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ناقابل برداشت حد تک بڑھ رہی ہے، برطانوی حکومت مصائب کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔ الیاس ناگدی نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ حکومت مظاہروں پر مزید پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں