گھوٹکی میں مقابلے کے بعد 2 مغوی بازیاب، شکارپور میں پولیس وین پر فائرنگ
گھوٹکی، شکارپور (این این آئی) گھوٹکی پولیس نے مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد 2مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔پولیس حکام کے مطابق اغوا کار مغویوں کو دوسرے مقام پر منتقل کر رہے تھے، پولیس نے مشکوک جان کر ملزموں کاتعاقب کیا تو دونوں مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔بازیاب ہونے والوں میں شفقت اور اویس شامل ہیں جن کا تعلق، مری اسلام آباد سے ہے،اغوا کاروں نے دونوں شہریوں کو ایک ماہ قبل سستی گاڑی بیچنے کا جھانسہ دے کر بلایا اور اغوا کر لیا تھا۔واضح رہے کہ شہریوں کو کاروبار اور سستی اشیا کی فروخت کا جھانسہ دے کر اغوا کاروں کے بہت سے گروہ سماجی رابطوں کی سائٹس پر سرگرم ہیں، جو شہریوں کو اغوا کے بعد لواحقین سے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں شکار پور میں مسلح افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق سندھ کے ضلع شکارپور کے اسٹور گنج تھانے کی حدود ٹاروپور محلہ میں گشت کے دوران دومسلح افراد نے اچانک پولیس وین پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم فرار ہونے گئے۔زخمیوں اہلکاروں میں شمس الدین لہر، اور محمد طاہر شامل ہیں ، جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے فوری طور پرسول ہسپتال شکار پور منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کردیا، تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔


