پاکستان کی نئی حکومت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، مہاجرین کی ملک بدری پر لچک دکھائے، افغان ترجمان
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی نئی حکومت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نئی پاکستانی حکومت افغان مہاجرین کی ملک بدری سے متعلق لچک دکھائے گی۔ افغان ٹی وی طلوع نیوز کے مطابق افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اقتصادی، سفارتی، ثقافتی اور مذہبی معاملات میں اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ نئی حکومت اس پر غور کرے گی۔ ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ’امارت اسلامیہ افغانستان ایک برادر ملک کے طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان سے امید کی جارہی ہے کہ نئی حکومت دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اچھے اقدامات کرے گی، خاص طور پر تجارت کے شعبے، تارکین وطن اور کچھ دوسرے مسائل جن کا افغان پہلے ہی سامنا کر رہے تھے۔ اس حوالے سے اچھی پالیسی اپنانی چاہیے۔ ہم اس کی توقع کرتے ہیں اور ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ مستقبل کی حکومت افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت ذمہ داری سے برقرار رکھے گی‘۔ خیال رہے کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات میں کئی اتار چڑھاو¿ آئے ہیں، حال ہی میں پاکستان کی نگران حکومت نے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقین لاکھوں افغان شہریوں کو ملک بدر کیا ہے جس سے کابل اور اسلام آباد کے تعلقات کو جھٹکا لگا ہے۔


