امریکا کے مایہ ناز مصنف اور ان کی اہلیہ نے اسلام قبول کر لیا
واشنگٹن(آن لائن)امریکا کے مایہ ناز مصنف اور نسل پرستی کے خلاف آواز اٹھانے والے انسانی حقوق کے کارکن جیفری شان کنگ اور ان کی اہلیہ رائے کنگ نے رمضان کی پہلی رات اسلام قبول کر لیا۔ پیر کو انسٹاگرام پر امریکا میں مقیم پروفیسر خالد بیدون نے لائیو ویڈیو شیئر کی جس میں امریکی مسلم اسکالر امام عمر سلیمان شان کنگ اور ان کی اہلیہ کو کلمہ شہادت پڑھا رہے ہیں۔ 44 سالہ شان ناصرف ایک لکھاری بلکہ نسل پرستی کے خلاف بھی آواز اٹھاتے آئے ہیں اور ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ تحریکوں کی حمایت کے لیے مشہور ہیں۔25 دسمبر کو انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف بولنے پر ان کا انسٹاگرام اکاو¿نٹ بند کر دیا گیا تھا۔ 2017 میں شان کنگ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ‘میں تقریباً 15 سال تک ایک عیسائی پادری تھا، آج سفید فاموں کی بالادستی اور امریکی تعصب کو عیسائیت کا روپ دھارتے دیکھ کر مجھے نفرت ہوتی ہے۔


