اسرائیل کے وحشیانہ حملے رمضان میں بھی جاری، مزید 67فلسطینی شہید، 106زخمی
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں وحشیانہ حملے ماہ رمضان میں بھی جاری، شمالی غزہ، خان یونس اور رفح میں بمباری سے فلسطینی فٹبالر محمد برکت سمیت 67فلسطینی شہید ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شمالی غزہ میں شدید غذائی قلت سے مزید دو بچے دم توڑ گئے، جس کے بعد غذائی قلت سے شہید بچوں کی تعداد 27 ہوگئی، قابض اسرائیلی فوج نے سیکڑوں فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے بھی روک دیا، اسرائیلی پابندی کے باوجود متعدد فلسطینی نماز تراویح کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے میں کامیاب رہے۔ایک بیان میں انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کا امن و سلامتی پھیلانے والا ماہ مقدس رمضان شروع ہوگیا ہے، ماہ مقدس میں بھی غزہ میں بمباری، خون ریزی اور ہلاکت خیزی جاری ہے۔واضح رہے کہ7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 72 ہزار 760 سے زائد زخمی ہوئے۔


