سنی اتحاد کونسل میں سوچ سمجھ کر شامل ہوئے، 80نشستیں نہ ملنا سنگین مسئلہ ہے،بیرسٹر گوہر
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، کسی کو جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں، الیکشن کمیشن نے ہماری مخصوص نشستوں کا شیڈول تبدیل کیا تھا، امید ہے مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہمارے حق میں آئےگا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ کرے گی، سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے کہ ہمارے کیس کو جلد سے جلد سنے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، ان کا بندکمرے میں ٹرائل کیا جا رہا ہے، سینیٹ انتخاب کے لیے امیدواروں کے فائنل کرلیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل میں سوچ سمجھ کر شامل ہوئے، مزید کہا کہ کسی جماعت کو اس کی جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل میں 2 سیاسی وجوہات کی وجہ سے شامل ہوئے ہیں، 80 نشستیں نہ ملنا بہت بڑا ایشو ہے۔


