طلباءکا نماز پڑھنا مہنگا پڑ گیا، بھارتی انتہا پسندوں کا حملہ،5زخمی

گجرات(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی ایک ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ہندو انتہا پسندوں نے نماز پڑھتے ہوئے مسلم طلبا پر حملہ کر دیا ، حملے کے نتیجے میں 5طالب علم زخمی ہو گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں واقع گجرات یونیورسٹی کے کیمپس میں مسجد نا ہونے کی وجہ سے وہاں زیر تعلیم غیر ملکی مسلم طلبا ہاسٹل میں نماز تراویح ادا کر رہے تھے کہ ان پر مشتعل ہجوم نے چھریوں اور لاٹھیوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 5 طلبا زخمی ہو گئے۔متاثرہ طلبا نے اپنے بیان میں بتایا کہ مشتعل ہجوم نے ان کے کمروں میں داخل ہوکر حملہ کیا اور ان کے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔تفصیلات کے مطابق گجرات یونیورسٹی ہاسٹل میں قیام پزیز غیر ملکی طلبا کا تعلق افریقی ممالک، افغانستان اور ازبکستان سے بتایا جا رہا ہے۔ریاست گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھاوی نے گجرات پولیس کے اعلیٰ افسران کو واقع میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے شفاف تحقیقات ممکن بنانے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے 9 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں