پوٹن نے تیسری جنگ عظیم کی دھمکی دیدی

واشنگٹن(آئی این پی)امریکا، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے روس میں ہونے والے صدارتی انتخابات پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔امریکا اور برطانیہ نے روس میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس میں صدارتی انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہوئے، ولادیمیر پوتن نے مخالفین کو قید میں ڈال کر سیاسی عمل سے باہر رکھا، روس کے انتخابات مشکوک انداز میں ہوئے۔جرمن وزارت خارجہ نے روسی الیکشن پر ردعمل میں کہا کہ روس کے صدارتی الیکشن نتائج سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی کیونکہ یہ شفاف نہیں ہیں، پوتن کا انتخاب تشدد اور سنسر شپ کی بنیاد پر ہوا، یوکرین کے مقبوضہ علاقوں میں انتخابات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔واضح رہے کہ ولادیمیر پوتن صدارتی الیکشن جیت کر 5ویں بار روس کے صدر منتخب ہو گئے ہیں، روس میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ 67فیصد رہا، ولادیمیر پوتن 87اعشاریہ 97فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پوتن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتوار (17مارچ)کی شام انتخابات میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پوتن نے مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو بتایا کہ انہیں اسی طرح کے ردعمل کی توقع تھی۔روسی صدر نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے کیا امید کررہے تھے؟ کیا یہ ہمارے لیے تالیاں بجائیں گے؟ وہ ہمارے خلاف ہیں، ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدود کرنا ہے، اس لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں