پاکستان کے اندر جوابی حملے میں فوجی مراکز کو نشانہ بنا یا، افغان حکومت
کابل ( انتخاب نیوز) جارحیت کے جواب میں سرحد پار پاکستانی فوج کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا، افغان وزارت دفاع کا دعویٰ، ایک بیان میں افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ صبح پاکستانی جنگی طیارے افغان سرزمین میں داخل ہوئے اور خوست، برمل اور پکتیکا میں عام شہریوں کے گھروں پر بمباری کی۔ اس کے مطابق اس جارحیت کے جواب میں افغانستان کی سرحدی فورسز نے سرحد پارپاکستانی فوج کے مراکز پر نشانہ بنایا، ملک کی دفاعی اور سیکورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور ہر صورت علاقائی سلامتی کا تحفظ کریں گی۔ دریں اثناءخیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے پاراچنار میں سرحد پار جھڑپوں میں ایک اہلکار جاں بحق، 2 زخمی ہوگئے ہیں۔کرم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مظہر جہاں نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے فائرنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ’ہائی الرٹ‘ پر ہیں جبکہ مقامی قبائلی رہنما بھی فورسز کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، ڈی پی او نے کہا کہ تمام ہسپتالوں پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔طوری بنگش قبیلے کے بزرگ جلال بنگش نے افغانستان سے ہونے والے بے بنیاد حملے کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستانی سرزمین پر ایسے حملوں سے گریز کیا جائے۔


