بچوں کی شرح پیدائش میں کمی، جاپانی کمپنی نے صرف بالغ افراد کیلئے ڈائیپرز بنانے کا اعلان کر دیا
ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک)جاپان میں بچوں کی شرح پیدائش میں انتہائی زیادہ کمی اور معمر افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اسی وجہ کے پیش نظر Holdings Ojiنامی ایک جاپانی کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ صرف بالغ افراد کیلئے ڈائیپر فروخت کرے گی، واضح رہے کہ جاپان میں 2023 میں 7 لاکھ 53 ہزار 631 بچے پیدا ہوئے جو 2022 کے مقابلے میں 5.1 فیصد کم تھے۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس کی ذیلی شاخ Oji Nepia اس وقت بچوں کے لیے ہر سال 40 کروڑ ڈائیپرز تیار کرتی ہے مگر ان کی فروخت میں 2001 سے کمی آرہی ہے، جب وہ سالانہ 70 کروڑ ڈائیپرز تیار کرتی تھی۔2011 میں جاپان کی سب سے بڑی ڈائیپر تیار کرنے والی کمپنی نے بتایا تھا کہ بچوں کے مقابلے میں بڑوں کے لیے تیار ہونے والی پراڈکٹ کی فروخت زیادہ ہوتی ہے۔یاد رہے کہ جاپان کی 30 فیصد کے قریب آبادی 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہے۔ماہرین کے مطابق اس کی وجوہات کافی پیچیدہ ہیں، جیسے شادی کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔


