امریکا نے اسرائیل کو بم اور جدید لڑاکا طیارے دینے کی منظوری دیدی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی طیاروں نے صلاح الدین سٹریٹ پر گاڑی پر بمباری کی، تازہ حملوں میں شجاعیہ کے سپورٹس سینٹر کو راکٹوں سے نشانہ بنایا جہاں بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔صیہونی فوج کے اہلکاروں نے الشفا ہسپتال کے احاطے میں تباہ شدہ گھروں کو آگ لگادی۔دوسری جانب امریکا نے اسرائیل کو غزہ پر حملوں کے لئے بم اور جدید لڑاکا طیارے دینے کی منظوری دے دی۔رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی اسرائیلی وزیر دفاع سے حالیہ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ نئے ہتھیاروں کے پیکج میں ایک ہزار 800 ایم کے84، 2 ہزار پاو¿نڈ بم اور 500 ایم کے 82، 500 پاو¿نڈ بارود شامل ہیں، یاد رہے کہ امریکا اپنے دیرینہ اتحادی اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر سالانہ فوجی امداد دیتا ہے، امریکا اسرائیل کو فضائی دفاع اور جنگی سازوسامان پہنچا رہا ہے، لیکن کچھ ڈیموکریٹس اور عرب امریکی گروپوں نے بائیڈن انتظامیہ کو اسرائیل کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایاہے، علاوہ ازیں بائیڈن نے جمعہ کے روز غزہ جنگ پر امریکی حمایت کے بارے میں بہت سے عرب امریکیوں کے ’خدشات‘ کو تسلیم کیا لیکن اس کے ساتھ ساتھ بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ عوامی سطح پر اختلافات کے باوجود اسرائیل کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے، وائٹ ہاو¿س نے ہتھیاروں اور لڑاکا طیاروں کی منظوری پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔دریں اثنا اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ کے خلاف اپنی مہم کو وسیع کریں گے، تنظیم جہاں بھی کام کرتی ہو چاہے وہ بیروت، دمشق یا کسی اور جگہ، ہم وہاں پہنچ کر انہیں ختم کریں گے۔ ادھر فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک اس کے 26 عملے کے افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں ٹیم کے 15 ارکان بھی شامل ہیں جنہیں طبی فرائض سرانجام دیتے ہوئے اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں