ملائیشیا میں اسرائیل کو اسلحہ سپلائی کرنے کے شبہ میں 3 افراد گرفتار

کوالالمپور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشیا کے حکام نے رواں ہفتے کوالالمپور کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیے جانے والے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے 36 سالہ شخص کو آتشیں اسلحہ سپلائی کرنے کے شبے میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس رضاالدین حسین نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 6 ہینڈ گنوں اور 200 گولیوں پر مشتمل ایک بیگ کے ساتھ گرفتار ہونے والا یہ شخص 12 مارچ کو متحدہ عرب امارات سے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا، جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ اس نے سفر کے لیے جعلی فرانسیسی پاسپورٹ استعمال کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ شخص، جس کی عوامی سطح پر شناخت نہیں کی گئی ہے، نے پولیس کی طرف سے پوچھ گچھ پر اسرائیلی پاسپورٹ حوالے کردیا، اس نے ملائیشیا پہنچنے کے بعد اسلحے کا آرڈر دیا تھا اور ان کے لیے کرپٹو کرنسی سے ادائیگی کی تھی۔ سنگاپور میں اسرائیلی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرے کے لیے ای میل کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ ملائیشیا اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ پولیس نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ یہ شخص اسرائیلی انٹیلی جنس کا رکن ہو سکتا ہے، حالانکہ مشتبہ شخص نے حکام کو بتایا کہ وہ خاندانی تنازع کی وجہ سے دوسرے اسرائیلی شہری کو قتل کرنے کے لیے ملائیشیا آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں