مصر، قطر اور امریکا کی ثالثی، اسرائیل حماس مذاکرات آج قاہرہ میں ہوں گے

غزہ (آئی این پی ) غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 17 فلسطینی جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ حملہ غزہ شہر کے کویتی چوک پر امداد کے انتظار میں موجود فلسطینیوں پر کیا گیا۔ اس کے علاوہ دیرالبلاح میں مغازی پناہ گزیں کیمپ پر بھی اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں اقوام متحدہ مشن کی گاڑی کے قریب اسرائیلی شیلنگ کی مذمت کی ہے۔ غزہ جنگ کے حوالے سے اسرائیل بھر میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے جن میں قیدیوں کے اہل خانہ سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حکومت کے خلاف ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں میں حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کے لواحقین نے بھی پہلی بار شرکت کی۔ سب سے بڑا احتجاج دارالحکومت تل ابیب میں ہوا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اب الگ سے احتجاج نہیں ہوگا بلکہ اکٹھے جدوجہد ہوگی۔ مظاہرین نے اہم سڑکیں بلاک کردیں جس کے نتیجے میں شدید ٹریفک جام ہوگیا اور مسافر پھنس گئے۔