دنیا بھر میں 2781 ارب پتی افراد 14 ہزار ارب ڈالرز سے زائد کے مالک، فوربز نے فہرست جاری کردی

نیو یارک(آئی این پی)امریکی جریدے فوربز نے 2024کے لیے دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست جاری کر دی ہے۔اس فہرست سے عندیہ ملتا ہے کہ دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران ان کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ایک سال کے دوران 141مزید افراد ارب پتی بنے اور مجموعی طور پر 2781افراد اس فہرست میں شامل ہیں۔ان افراد کی مجموعی دولت 14ہزار 200ارب ڈالرز کے قریب ہے جو 2023کے مقابلے میں 2ہزار ارب ڈالرز زیادہ ہے۔جریدے کے مطابق دو تہائی ارب پتی افراد مزید دولت مند ہوئے، خاص طور پر دنیا کے 20امیرترین افراد نے مجموعی طور پر ایک سال میں سب سے زیادہ 700ارب ڈالرز کمائے۔فہرست کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ارب پتی امریکا میں رہائش پذیر ہیں جن کی تعداد 813ہے جس کے بعد چین 473کے ساتھ دوسرے اور بھارت 200کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔فرانس کے برنارڈ آرنلٹ 2024کی فہرست میں دنیا کے امیر ترین فرد قرار پائے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 233ارب ڈالرز ہے۔یہ اعزاز انہیں مسلسل دوسرے سال حاصل ہوا ہے، گزشتہ سال کی فہرست میں وہ 211ارب ڈالرز کے ساتھ سرفہرست تھے، یعنی ایک سال میں ان کے اثاثوں میں 22ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک اس فہرست میں 195ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ایمازون کے بانی جیف بیزوز کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جو 195ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ 177ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔بھارت کے مکیش امبانی 116ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 9ویں جبکہ ایشیا کے امیر ترین شخص قرار پائے۔دنیا کی امیر ترین خاتون فرانس کی Francoise Bettencourt Meyersقرار پائی ہیں جو 99.5ارب ڈالرز کی مالک ہیں جبکہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں وہ 15ویں نمبر پر موجود ہیں۔ان کے بعد ایلس والٹن 72.3ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کی دوسری (مجموعی طور پر 21ویں) امیر ترین خاتون ہیں جبکہ 64.3ارب ڈالرز کے ساتھ Julia Kochتیسری (مجموعی طور پر 23ویں)امیر ترین خاتون رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں