پاکستان اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، صدر اور وزیر اعظم کی سکھ برادری کو بیساکھی پر مبارکباد
اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہبازشریف نے بیساکھی کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے ۔صدرمملکت نے بیساکھی کے تہوار پر اپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی کا تہوار امن اور سلامتی کا پیغام دیتا ہے، بیساکھی کا تہوار خوشیوں اور محبت کا پیغام بھی دیتا ہے ، پاکستان کو اپنے ثقافتی ورثے میں تنوع پر فخر ہے، پاکستان سکھ برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا، پاکستان اقلیتوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان ملک کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔بیساکھی کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکھ برادری کو مبارک پیش کرتا ہوں، دیسی مہینہ بیساکھ بہار کے موسم کی علامت، محبت اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، بیساکھی کے رنگ اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں ، حکومت بیساکھی رسومات ادا کرنے کیلئے سکھ یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ بیساکھی کے موقع پر میں آپ سب کو پیار، محبت اور امن کا پیغام دینا چاہتا ہوں، آئیں مل کر ایک پر امن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔


