انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار کو کسی گروہ کے ہاتھوں برباد نہیں ہونے دیں گے، نیشنل پارٹی
خضدار (یو این اے) انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار انتظامیہ ادارے میں اصلاحات لانے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے بجائے مسائل پر آواز اٹھانے والوں کیخلاف انتقامی کارروائی پر اتر آئی ہے جو انتظامیہ کی بوکھلاہٹ و تعلیم دشمنی کو ظاہر کرتی ہے، نیشنل پارٹی تحصیل خضدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کی واحد انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار میں ایک اہم مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا کہ یونیورسٹی میں اسکالر شپس پر بیرون ملک جاکر پی ایچ ڈی کرنے والوں سے انتظامیہ کے چارجز واپس لیے جائیں تاکہ وہ اپنی تعلیمی قابلیت و ہنر سے نئی نسل کو آشناس کرسکیں لیکن یونیورسٹی کے حکام بالا نوٹس لینے کے بجائے مسئلے کو اجاگر کرنے والوں کیخلاف انتقامی کارروائی پر اتر آئے جو انتہائی غیر سنجیدہ اقدام ہے۔ ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کو اقربا پروری کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیں گے، بلوچستان کا پروفیشنل تعلیمی ادارہ یہاں کے عوام کی ملکیت ہے، اس کو کسی گروہ کے ہاتھوں برباد ہوتے نہیں دیکھ سکتے، وائس چانسلر ادارے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، کرپشن جیسے ناسور سے ادارے کو پاک کرنے کے لیے جلد از جلد اقدامات اٹھائیں اور انتقامی کارروائی پر معذرت کریں، یونیورسٹی ایڈمن میں جتنے پی ایچ ڈی ایم فل اسکالرز کو اضافی جارچز دی گئی ہے، انہیں واپس لیکر تدرسی عمل کا حصہ بنائیں۔


