ترقیاتی منصوبوں اور بالخصوص ضلع قلات کی اسکمیات کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، ضیا لانگو
کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہاہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور بالخصوص ضلع قلات میں جاری ترقیاتی اسکمیات کی کڑی نگرانی کر رہی ہے انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کی خصوصی دلچسپی کی بدولت قلات اور دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے اپنے تکمیل کو پہنچ رہے ہیں جس کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچ رہا ہے یہاں سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قلات میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورفنڈزکے درست استعمال کویقینی بنانے کے لیے کڑی مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔ڈیولپمنٹ پیکیج کی نگرانی کے لیے موثر میکانزم تشکیل دے دیاگیا۔وزیر داخلہ نے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کے میکانزم پر من وعن عملدرآمد کا متعلقہ حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیولپمنٹ پیکیج پر ہونے والی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے،صوبے بھر میں فلاح عامہ کے پروجیکٹس کے اعلی معیارکو یقینی بنایا جائے اورترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اعلی معیارسے ہی عوام کے پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جاسکتا ہے، صوبے کے عوام کے وسائل کا امین ہوں،کسی کو وسائل ضائع نہیں کرنے دوں گا۔انہوں نے کہاکہ منصوبوں پر فنڈز کے درست اورشفاف استعمال کویقینی بنانے کے میکانزم کی نگرانی خود کروں گا اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی امور سے متعلقہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے،عوام کی سہولت کے کسی بھی پروجیکٹ میں تاخیرتکلیف دہ امر ہے اور میں اپنے عوام کو تکلیف اورمسائل کا شکار دیکھ کر خوش نہیں رہ سکتا۔


