حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں مخلص نہیں،یوسف رضا گیلانی

چیچہ وطنی , پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں مخلص نظر نہیں آتے،ہم جنوبی پنجاب کو محض انتظامی صوبہ بنانے کی مخالفت کرینگے،ہم چاہتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کو ایک مکمل،بااختیار صوبہ بنایا جائے،وہ جمعہ کو چیچہ وطنی میں نجی سکول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت رہے تھے، سابق وزیراعظم کے صاحبزادے سید عبدالقادر گیلانی، پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما بیگم شہنازجاوید،سرمایہ کار شیخ عثمان جاوید،شیخ جاوید رفیع اور معززین شہر کی بڑی تعدادنے بھی تقریب میں شرکت کی،سابق وزیراعظم نے کہا موجودہ حکمران جنوبی پنجاب کو ایک مکمل،بااختیار صوبہ نہیں بنائیں گے اسی لئے بہاولپور اور ملتان کا شوشہ چھوڑا گیا ہے، مسلم لیگ(ن) کے جن بارہ اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی وہ مسلم لیگ(ن) کا اندرونی معاملہ ہے جس پرتبصرہ مناسب نہیں،ہمارے جس واحد ایم پی اے نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی وہ جلد واپس آجائیگا یہ پیپلزپارٹی کا معاملہ ہے،ایک سوال پر انہوں نے کہا میں نہیں کہتا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل کرکے بیرون ملک گئے،اس سے قبل نجی سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہم نے پیپلزپارٹی کے دور میں بطور وزیراعظم بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں یوسف رضا گیلانی فارن سکالرشپ کااجرا کیا،اور ایک طالبعلم کیلئے ایک کروڑ روپے اور سو طالب علموں کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے،ان تمام سٹوڈنٹس نے پی ایچ ڈی کرلی،انہوں نے کہا شیخ عثمان جاوید اپنی والدہ بیگم شہناز جاوید کی زیرنگرانی فروغ تعلیم کیلئے جو کاوشیں کررہے ہیں وہ قابل تقلید ہیں،انہوں نے فیتہ کاٹ کر سکول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں