ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے برازیلین عہدیدار میں کرونا وائرس کی تصدیق
ریو ڈی جنیرو(شِنہوا)برازیل کے ایک اعلی عہدیدار میں نوول کرونا وائر س کی تصدیق ہوئی ہے جنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس سے کچھ ہی روز قبل ملاقات کی تھی۔برازیل کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ برازیل کے صدر جیر بولسنارو کے پریس سیکرٹری فیبیو واجنگارٹن کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔واجنگارٹن نے بولسنارو کے ہمراہ ہفتے کے اختتام پر امریکا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ٹرمپ،پنس اور وائٹ ہاس کے دیگر عہدیداروں سے فلوریڈا میں ٹرمپ کی رہائش گاہ مار-ا- لا گو میں ملاقات کی تھی۔حکومت نے کہا ہے کہ بولسنارو کی میڈیکل ٹیم تمام ضروری حفاظتی اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ دورے میں شامل صدر اور ان کے وفد کے ارکان بشمول دیگر معاونین کی بہتر صحت کو یقینی بنایا جاسکے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی عہدیداروں کو واجنگارٹن کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔وائٹ ہاس نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ ٹرمپ اور پنس کے ٹیسٹ لئے جانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ا س سے قبل بولسنارو نے ریو گرانڈے ڈو نورٹے ریاست کے ماسورو میں ایک تقریب میں شرکت ملتوی کردی تھی۔ مبینہ طور پر یہ شرکت وبائی مرض کے حوالے سے خدشات کے پیش نظر ملتوی کی گئی۔