علی باقری کنی ایران کے عبوری وزیر خارجہ مقرر، نئے صدر کا انتخاب 50 دن کے اندر اندر ہو گا

تہران (صباح نیوز)ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی موت کے بعد علی باقری کنی کو عبوری وزیرِ خارجہ مقرر کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ ایرانی حکومت کی تین شاخوں، انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کے اعلی ترین افسران کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ملک کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے محمد مخبرکو حکومت کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔محمد مخبر اب تقریبا دو ماہ کے عرصے کے لیے ملک کے عبوری صدر رہیں گے اور اس دوران 50 دن کے اندر اندر ملک کے نئے صدر کا انتخاب ہوگا۔یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر 19 مئی کو آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔ایرانی حکام نے آج (20مئی) صبح ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت دیگر کی موت کی تصدیق کردی ہے۔دوسری جانب رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں رحلت کے آج سے ملک بھر میں پانچ دن تک سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے نائب صدر محمد مخبر کو حکومت کا نیا عبوری سربراہ مقرر کر دیا۔محمد مخبر 50 روز کے اندر نئے انتخابات کروانے کے پابند ہیں۔ ایرانی آئین کے مطابق اب نائب صدر محمد مخبر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں