مزہ سر کراسنگ پوائنٹ راہداری کے بحالی کیلئے لانگ مارچ کا کوئٹہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال
کوئٹہ (نمائندہ انتخاب )ماشکیل مزہ سر کراسنگ پوائنٹ راہداری کے بحالی کے لئے لانگ مارچ کرنے والے مظاہرین کا کوئٹہ پہنچنے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں نے پرتپاک استقبال کیا اور لانگ مارچ کرنے والوں کو ہار پہنائے اور ان پر گل پاشی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاک ایران اور پاک افغان سرحدوں پر بسنے والوں پر تجارت و روزگار کے دروازے بند کرکے بلوچستان کی صورتحال کو مزید خراب کرنے کے درپے ہیں، سرحدی تجارت اور سرحدوں پر آمد و رفت ہمیشہ سے ہمارا بنیادی حق رہا ہے سرحدوں کے دونوں جانب ہمارے رشتہ دار رہتے ہیں اور ہمارا قیام پاکستان سے قبل بھی آمد و رفت رہی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران اب ہم پر دو وقت کی روزی روٹی بھی بند کرنا چاہتے ہیں سرحدی تجارت کی بندش سے ہمارے لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے اور بلوچستان میں مزید غربت میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزہ سر کراسنگ پوائنٹ راہداری کو فوری طور پر آمد و رفت اور تجارت کے لئے کھولا جائے تاکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کو روزگار میسر ہو اور وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکے۔


