اسرائیل نے ہمارے مہمان کو ہماری سرزمین پرقتل کیا جواب تو ملے گا، ایرانی صدر
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے فرانسیسی ہم منصب امانویل ماکروں کے ساتھ ٹیلی فون بات چیت میں کہا ہے کہ ان کا ملک اپنے مفادات اور سلامتی پر حملوں کے بارے میں خاموش نہیں رہے گا اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے مطابق کارروائی کرے گا۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، مسعود پزشکیان نے ماکروں سے کہا کہ تہران، اسرائیل کو مناسب جواب دینے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے اس نے ہمارے مہمان کو ہماری سرزمین پرقتل کیا ہے اور یہ معمولی بات نہیں ہے ۔اس موقع پر صدر ماکروں نے اپنے ایرانی ہم منصب سے کشیدگی سے بچنے اور انتقام نہ لینے پر زور دیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی سے بچنے کے لیے اپنی ہرممکن کوشش کریں انتقامی کاروائیوں کا یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔، صدر ماکروں نے کہا کہ ایران کو اپنی وفادار ملیشیاں پر زور دینا چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ صورت حال کو مزید بگڑنے سے بچا جا سکے۔