پاکستان میں امن و امان نہ ہونے پر چین نے سرمایہ کاری سے انکار کردیا، فضل الرحمن
مردان (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف ملک کو آگے لےکر جانے میں ناکام رہے ہیں۔ مردان میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ معیشت اتنی گرچکی ہے کہ آنے والی کوئی حکومت اسے نہیں اٹھا سکتی، جب امن و امان کی صورت حال خراب ہوگی تو معیشت بھی خراب ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ملک کو آگے لےکر جانے میں ناکام رہے ہیں، شہباز شریف ملکی معیشت کو ٹھیک نہیں کرسکے، شہباز شریف نے کہا تھا کہ ملک کی معیشت کو اٹھاﺅں گا لیکن وہ نہیں اٹھا سکے، شہباز شریف چین گئے اور سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کرنےکی کوشش کی، چین نے ایک ہی بات کی کہ سیاسی استحکام نہیں، امن و امان کی صورتحال صحیح نہیں، جب امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی تو سرمایہ کاری نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ضروری طور پر باہر سے گندم کیوں منگوائی گئی؟ اتنی گندم درآمد کرائی گئی کہ یہاں کسانوں کی گندم گھروں میں پڑی رہ گئی۔


