ڈی آئی خان،سی پیک مغربی روٹ پر16مسلح ڈاکوئوں نے گاڑیوں اور ٹرکوں کو روک کر مسافروں کو لوٹ لیا
ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) تھانہ یارک کی حدود سی پیک مغربی روٹ عبدالخیل ٹول پلازہ کے قریب 15سے 16مسلح افراد نے ناکہ لگا کر آنے جانے والی مسافر گاڑیوں اور ٹرکوں کو روک کر مسافروں کو لوٹ لیا، تھانہ یارک میں اس واقعہ کی رپورٹ نواں کلی کوئٹہ کے 34سالہ رہائشی سید خان ولد سردار خان نے درج کرائی ہے اور کہا ہے کہ میں مسافر ڈبہ کا ڈرائیور ہوں اسلام آباد سے کوئٹہ چلتاہوں آج میں جارہاتھاکہ مذکورہ جگہ پر مسلح ڈاکوئوں نے ہمیں روکا ان ڈاکوئوں میں سے7سے 8ڈاکو بس کے اندر آئے اور 8سے 8مسلح ملزمان ان کی نگرانی کیلئے کھڑے رہے ، ڈاکوئوں نے مسافر بس میں سوار اسلم نامی مسافر سے گھڑی ، 8ہزار روپے، موبائل ، غلام رسول سے 75ہزار روپے بمعہ موبائل ، رب نواز سے 80ہزار روپے ، واحد اسلام سے 13ہزار روپے، ایوب سے 28ہزار ،2موبائل ، احسان اللہ سے 37ہزار روپے اور موبائل ، زین اللہ سے 30ہزار روپے ، ایوب سے 25500روپے ، شیر محمد سے 35سو، سجاد سے 28ہزار ، شمس اللہ سے 25ہزار5سو روپے، عبدالمالک سے 10ہزار روپے، محمد خان سے 90ہزار روپے اور مجھ ڈرائیور نے 5لاکھ30ہزار روپے بمعہ موبائل فون ، ولی خان سے 6ہزار روپے، فرحاد خان سے 16ہزار روپے بمعہ موبائل ، عبدالحنان سے 32ہزار روپے ، ایڈوکیٹ داد اللہ سے انسٹا 24ساسمگ اور 10ہزار روپے ، یاسر سے 20ہزار روپے ، موبائل اور فضل رازق سے 22ہزار روپے اور موبائل فون اسلحہ کی نوک پر چھین لئے ،اس طرح مسلح ڈاکوئوں نے دوران ناکہ بندی دیگر ٹرکوں اور مسافر گاڑیوں سے لاکھوں روپے ، موبائل ، سونے کے زیوارت ودیگر سامان بھی چھین لیا، بعد میں ڈاکو موقع سے باآسانی فرار ہوگئے، واقعہ کیخلاف مسافروں نے یارک انٹرچینج کے قریب سی پیک روڈ کو احتجاجاً بند کردیا، اور واقعہ پر سخت احتجاج کیا، بعد میں پولیس کی یقین دہانی پر مسافروں نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے روڈ کو کھول دیا۔


