اسرائیلی خفیہ ادارے کے سربراہ مستعفی ہو گئے
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ کے بعد ایک اور اسرائیلی خفیہ ادارے کے سربراہ مستعفی ہو گئے ۔اسرائیلی خفیہ ادارے کے ایلیٹ یونٹ کے سربراہ حماس کی جانب سے کیے گئے 7 اکتوبر کے حملوں کو روکنے میں ناکامی پر عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جاری بیان میں کہا کہ 8200 یونٹ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل یوسی سیریئل نے اپنی پوزیشن سے مستعفی ہونے کے حوالے سے کمانڈروں اور اپنے ماتحت افسران کو آگاہ کر دیا ہے۔بیان کے مطابق بریگیڈیئر جنرل یوسی سیریئل مستقبل قریب میں اپنے عہدے سے دستربردار ہو جائیں گے۔اسرائیلی خفیہ ادارے کا انتہائی اہم یونٹ 8200 انٹیلی جنس سگنلز اور پیغامات کا مشاہدہ اور انہیں ڈی کوڈ کرنے کا کام کرتا ہے۔حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے لیے انتہائی مشکل صورتحال پیدا ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں اس کے کمانڈر میجر جنرل اہارون ہالیوا نے رواں سال اپریل میں اپنا استعفی دے دیا تھا۔