اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں تیزی، فضائی بمباری سے متعدد عمارتیں تباہ

ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان پر حملے تیز کردیے، فضائی کارروائی میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں جب کہ اسرائیل نے شہریوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں سے دور رہنے کی ہدایات دی ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شدید بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔صہیونی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے لبنان میں شہریوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں کے اطراف سے نقل مکانی کا حکم دیا۔لبنان میں زمینی کارروائی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے کہا کہ اسرائیل کے شمال سے بے دخل کیے گئے شہریوں کو واپسی لانے کے لیے ہمیں جو بھی کرنا پڑا وہ کریں گے۔