حسن نصر اللہ کا جسد خاکی ملنے کی تصدیق، جسم پر زخموں کے نشان نہیں

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)لبنان کے میڈیکل اور سیکیورٹی ذرائع نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کا جسد خاکی ملنے کی تصدیق کردی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق حسن نصراللہ کا جسد خاکی بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے سے نکالا گیا۔حزب اللہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کے سربراہ حسن نصراللہ کی لاش ملبے سے نکال لی گئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ ذرائع کے مطابق حسن نصراللہ کے جسم پر زخموں کے نشانات نہیں ہیں۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک ٹن بارود والے بم کے دھماکے کی دھمک برداشت نہ کرسکے اور دل کی دھڑکن بند ہوگئی۔حزب اللہ نے یہ نہیں بتایا کہ حسن نصراللہ کا جسدِ خاکی مجموعی طور پر کس حالت میں ہے، ان کی موت کس طور واقع ہوئی اور ان کی تدفین کب کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں