کراچی ایئرپورٹ حملہ، سی ٹی ڈی کی کارروائی ، خاتون اور بینک عملے سمیت کئی افراد گرفتار

کراچی (ویب ڈیسک)سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس میں ملو ث ایک خاتون اور بینک عملے سمیت کئی افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے حب میں گینگ وار کرمنل علی ڈاڈا کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں، اور ایئرپورٹ کے اندر ریکی کرنے والی ٹیم بھی گرفتار کی۔حکام نے بتایا کہ گرفتار ہونے والی خاتون اس سے قبل بھی تخریبی حملوں کی سہولت کاری کرچکی ہے، اور پکڑے گئے سہولت کاروں کا تعلق بلوچستان سے ہے۔حکام کے مطابق ایئرپورٹ سگنل کے قریب حملے کی سہولت کاری میں بینک کا عملہ بھی ملوث نکلا ہے۔ حکام کے مطابق حملے سے قبل ویڈیو بنانے والا سہولت کار بھی پکڑا گیا ہے جو کراچی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔حکام کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی خریدنے کیلئےبینک عملے نے رقم کراچی ٹرانسفر کی، 71 لاکھ روپے کی رقم تربت سے کراچی بینک کے ذریعے ٹرانسفر ہوئی، بینک عملے نے رقم منتقل کرنے کے لیے 2 لاکھ روپے رشوت لی۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں